ہاکی فیڈریشن کا خواتین ہاکی کی بحالی کیلئے تاریخی پروگرام 7 اکتوبر سے اسلام آباد میں قومی خواتین ہاکی تربیتی کیمپ شروع ہوگا، ہالینڈ کے کوچ نگرانی کریں گے

اسلام آباد(پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں خواتین ہاکی کی بحالی ترقی اور عالمی معیار کے مطابق تربیت کے لیے قومی ویمنز ہاکی ہائی پرفارمنس اینڈ کوچنگ ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا پروگرام کے تحت پہلا 10 روزہ قومی تربیتی کیمپ 7 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا کیمپ میں ملک بھر سے انڈر 15انڈر 18 انڈر 21 اور سینئر کیٹیگریز کی منتخب بہترین کھلاڑیوں کے علاوہ کوچز اور معاون عملے کو بھی مدعو کیا گیا ہے کیمپ کی تکنیکی نگرانی ہالینڈ کے معروف ہاکی کوچ رچرڈ سنیجر کریں گے جو قومی کھلاڑیوں اور پاکستانی کوچز کے ساتھ مل کر خواتین ہاکی کے لیے جدید اور اعلیٰ معیار کا تربیتی نظام تشکیل دیں گے کیمپ کے دوران چاروں کیٹیگریز کی کھلاڑیوں کی تکنیکی جسمانی اور فٹنس صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ جدید تکنیک حکمت عملی اور فٹنس کے یکساں معیار کے تحت تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے ہر عمر کے گروپ کے لیے الگ تربیتی نظام مرتب کرنے کے ساتھ نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی اور اسے قومی ٹیم تک لانے کا منظم طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا پروگرام میں پاکستانی خواتین کوچز کی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے مقامی کوچز بین الاقوامی ماہر کے ساتھ کام کرتے ہوئے جدید کوچنگ کے طریقہ کار سیکھیں گی اور بعد ازاں سال بھر قومی کوچنگ نظام کا حصہ رہیں گی کھلاڑیوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے خواتین کھیلوں کی نفسیاتی ماہرین فٹنس طاقت اور جسمانی تیاری کی ماہرین ہاکی کوچز اور دیگر معاون عملے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ کھلاڑیوں کی تکنیکی ذہنی اور جسمانی تیاری عالمی معیار کے مطابق ہو سکے پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق اکتوبر میں شروع ہونے والا یہ کیمپ ایک عارضی سرگرمی نہیں بلکہ ایک سال پر محیط قومی ترقیاتی پروگرام کی بنیاد ہے رچرڈ سنیجر سال کے دوران وقفے وقفے سے پاکستان کا دورہ کر کے کھلاڑیوں کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے جبکہ ان کی عدم موجودگی میں تربیت یافتہ پاکستانی کوچز اسی طے شدہ نظام کے تحت تربیت جاری رکھیں گے پروگرام کے دوسرے مرحلے میں مارچ کے دوران پاکستان کی سینئر اور جونیئر خواتین ٹیموں کو تین ہفتوں کے لیے ہالینڈ بھیجنے کا منصوبہ ہے پاکستانی ٹیمیں وہاں معروف خواتین ہاکی کلبوں کے ساتھ تربیتی مشقیں اور مسابقتی میچز کھیلیں گی جس سے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے ہاکی نظام، جدید فٹنس اور تیز رفتار کھیل کا عملی تجربہ حاصل ہوگا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مقصد انڈر 15 سے سینئر ٹیم تک ایک پائیدار اور خودمختار نظام قائم کرنا ہے جس میں بین الاقوامی کوچنگ مقامی صلاحیتوں سائنسی تربیت اور عالمی سطح کے تجربے کو یکجا کیا جائے 7 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہونے والا قومی تربیتی کیمپ پاکستان میں خواتین ہاکی کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا

Comments (0)
Add Comment