سعودی اسکالر کی پاکستانی قوم کو یوم آزادی پر دلی مبارکباد پاکستان سعودی دوستی ایمان اخوت اور مسلم امہ کے رشتوں پر قائم ہے، سعودی اسکالر

اسلام آباد (پی پی اے) سعودی اسکالر پروفیسر احمد سعد الاَحمد نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے عوام کو 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے پروفیسر احمد سعد الاَحمد معروف سعودی اسکالر اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر و قائم مقام ریکٹر ہیں۔ جمعہ کو جاری اپنے مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے گہرے رشتے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس عقیدے کی بنیاد پر قائم ہوا جو مسلمانوں کو آپس میں جوڑتا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اور ایمان کے رشتوں کا تصور پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی بنیاد ہے۔ مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر طے پانے والے دفاعی معاہدے کے ذریعے اس تاریخی رشتے کو ایک بار پھر مزید مضبوط کیا گیا ہے پروفیسر احمد سعد الاَحمد نے کہا کہ ایک مسلم قوم کی عزت و حرمت تمام مسلم اقوام کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے باعث ان کا پاکستانی عوام سے ذاتی تعلق ہے اور پاکستانی عوام ایسی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جو چند ہی دوسری قوموں کو حاصل ہیں انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد دنیا کی بڑی جامعات میں نمایاں مقام حاصل کرے گی انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر مسلم امہ کے اتحاد امن اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی دریں اثناء بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے بھی یوم آزادی کے سلسلے میں فیصل مسجد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی

Comments (0)
Add Comment