پیرس۔ ( پی پی اے): فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن قومی سفر پر غور و فکر اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع ہے۔ پیرس میں پاکستان کے سفارتخانے کی جانب سے جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ گزشتہ 79 برسوں میں پاکستانی قوم نے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنی کامیابیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہم اپنی آئندہ نسلوں کے لیے ایک روشن، خوشحال اور بہتر مستقبل کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔