نئی دہلی میں پاکستان کا یوم آزادی روایتی جوش سے منایا گیا پاکستان امن، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، ناظم الامور سعد احمد وڑائچ

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 79واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں منعقدہ پروقار تقریب میں قومی پرچم لہرایا، جس میں ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی.تقریب میں صدر مملکت وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے پختہ عزم کی فتح اور علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد کی تکمیل تھی انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں پاکستان نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے جبکہ پاکستان کی جوہری صلاحیت جنوبی ایشیا میں استحکام کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی خودمختاری عوام کے وقار کے تحفظ اور بقا کے لیے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے سعد احمد وڑائچ نے مادر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملکی دفاع میں پاک مسلح افواج کے کردار کو سراہا انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل ہے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے ہو کر گزرتی ہے اور حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ کے کرم، قومی اتحاد اور محنت سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا اور سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کے ذریعے قیام پاکستان کے لیے کی جانے والی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا اس موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم کی زندگی، وژن اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا، جو بانی پاکستان کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر ترتیب دی گئی ہے

Comments (0)
Add Comment