اسلام آباد ( پی پی اے) ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں پاکستان رائفل ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی عالمی چیمپئن شپ کا طلائی تمغہ اور ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کرلیا برطانیہ کے شہر بسلی میں منعقدہ چیمپئن شپ میں 24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز نے شرکت کی 12 اور 13 اگست کو 800 900 اور 1000 یارڈز کے انفرادی مقابلے جبکہ 15 اور 16 اگست کو ٹیم مقابلے منعقد ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی قیادت میں 12 رکنی پاکستانی ٹیم نے موسمی دشواریوں کے باوجود شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے انفرادی مقابلوں میں 4 طلائی 4 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے حاصل کیے لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے 207 حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر انفرادی ایف ٹی آر عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا انہوں نے 3 طلائی ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا یہ پاکستان کی بین الاقوامی ایف کلاس شوٹنگ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی کامیابی قرار دی گئی ہے سپاہی محمد ولید نے ایک طلائی اور ایک کانسی جبکہ انڈر 25 کیٹیگری میں حذیفہ گل نے 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز نے بھی انڈر 25 کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتا ٹیم مقابلے میں سابق عالمی اور یورپی چیمپئنز سمیت 11 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا پاکستانی ٹیم نے سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد رنراپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا پاکستان نے صرف تین سال کے مختصر عرصے میں ایف کلاس شوٹنگ میں عالمی سطح پر اپنی مضبوط شناخت قائم کرلی ہے جبکہ پاکستانی شوٹرز کی کامیابیاں قومی ٹیلنٹ اور کھیلوں میں بڑھتی ہوئی مہارت کا واضح ثبوت ہیں