2025 میں 350 امدادی کارکن ہلاک، غزہ میں 186 اور سوڈان میں 71 اموات

اقوام متحدہ ( پی پی اے): اقوام متحدہ کے شعبہ برائے انسانی امور کے ہنگامی امدادی دفتر (او سی ایچ اے) نے کہا ہے کہ 2025 میں دنیا بھر میں 350 امدادی کارکن ہلاک ہوئے، جن میں 186 غزہ اور 71 سوڈان میں مارے گئے۔ العربیہ اردو کے مطابق او سی ایچ اے نے بیان میں کہا کہ 2025 امدادی کارکنوں کے خلاف تشدد کے حوالے سے ایک اور المناک اور ریکارڈ سال ثابت ہوا، اس دوران شعبے کے 907 کارکن ہلاک، زخمی یا اغوا ہوئے۔ انسانی امور سے متعلق تحقیقاتی ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں 377 امدادی کارکن ہلاک ہوئے تھے۔ او سی ایچ اے کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک دنیا بھر میں 82 امدادی کارکن قتل، 97 زخمی اور 39 اغوا ہوچکے ہیں۔ او سی ایچ اے نے کم لاگت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس مسلح ڈرونز کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مختلف فریقوں کو مہلک طاقت استعمال کرنے کی صلاحیت مل رہی ہے۔ سوڈان میں رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران عام شہریوں کی 80 فیصد اموات مسلح ڈرون حملوں کے باعث ہوئیں، جن میں منڈیوں اور طبی مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اقوام متحدہ کے امدادی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا کہ صرف تین سال میں ایک ہزار سے زائد امدادی کارکن ہلاک ہوچکے ہیں، جو کسی طور قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی پاسداری اور عام شہریوں سمیت امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانا ہوں گے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنے اقدامات کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

Comments (0)
Add Comment