اسلام آباد ( پی پی اے): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گوئڈیز ڈومنگیز نے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ پرتگالی سفیر سے ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، تعلیم، ثقافت اور بلیو اکانومی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے مواقع تلاش کرکے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے پرتگالی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ابھرتے ہوئے معاشی و کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری قائم کرنے کی دعوت دی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کو خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کا اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے پرتگال میں مقیم تقریباً 50 ہزار پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے لیبر موبیلیٹی پارٹنرشپ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے افرادی قوت اور روزگار کے شعبے میں تعاون کے لیے مؤثر فریم ورک فراہم ہوگا۔ انہوں نے پاکستانی اور پرتگالی جامعات کے درمیان طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی پروگراموں کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پرتگال کی مسلسل حمایت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اعلیٰ سطح کے باہمی دوروں اور باقاعدہ مشاورت سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ پرتگالی سفیر نے گرمجوش استقبال پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور پرتگال کے درمیان قریبی روابط اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔