اعظم نذیر تارڑ سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر گفتگو پاکستان اور بنگلہ دیش کا قانونی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور ثالثی نظام میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد. ( پی پی اے) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے ملاقات کی جس میں پاک بنگلہ دیش تعلقات، قانونی اصلاحات، نظام انصاف کی ڈیجیٹلائزیشن اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے پاک بنگلہ دیش تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون و انصاف سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاکستان قانونی اصلاحات اور نظام انصاف کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے اپنے تجربات بنگلہ دیش کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ قانونی اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں باہمی تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ قانونی و عدالتی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے بنگلہ دیشی ججز کی آئی ایم اے سی میں تربیت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور وزارت قانون و انصاف کے ثالثی و مصالحتی پروگرامز کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ثالثی و مصالحتی نظام کے تجربات سے استفادہ کرنے میں بنگلہ دیش کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبے میں مزید تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ ملاقات میں قانونی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، ثالثی اور مصالحتی نظام میں تعاون کے مزید مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں اطراف نے اس امر پر اتفاق کیا کہ عوامی اور ادارہ جاتی روابط میں اضافہ پاک بنگلہ دیش تعلقات کے لیے خوش آئند ہے اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا

Comments (0)
Add Comment