پاکستان، بیلاروس کے درمیان مشترکہ سائنسی و تحقیقی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد ( پی پی اے): وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مشترکہ سائنسی و تحقیقی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے گا جبکہ معیارات، کوالٹی انفراسٹرکچر اور حلال سرٹیفکیشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پاکستان اور بیلاروس کے دو مشترکہ تحقیقی منصوبوں کی فنڈنگ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کمیشن پہلے ہی قائم ہے، جس کے تحت باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مشترکہ سائنسی و تحقیقی منصوبوں پر عملی پیش رفت تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان معیارات، کوالٹی انفراسٹرکچر اور حلال سرٹیفکیشن کے شعبوں میں تعاون بھی مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مصنوعات کے لیے مارکیٹ تک رسائی کے سلسلے میں بھی پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعاون جاری ہے، جس سے دونوں ممالک کے تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔ بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا نے کہا کہ ان کا ملک سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی مواصلاتی اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سائنسی، تکنیکی، تحقیقی اور صنعتی تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے اور باہمی روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا

Comments (0)
Add Comment