پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ، پیکنگ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی سیمینار

بیجنگ ( پی پی اے): چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پیکنگ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی علمی سیمینار جاری ہے۔ ورثہ، جدت اور مشترکہ کامیابی کے موضوع پر سیمینار کا اہتمام پیکنگ یونیورسٹی کے مرکز برائے مطالعاتِ پاکستان سمیت متعلقہ اداروں نے کیا ہے۔ ینی میڈیا کے مطابق سیمینار میں چین پاکستان تعلقات کے 75 سالہ سفر کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل میں عملی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ شرکا چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے کے تحت زرعی تعاون، سبز ترقی، صنعتی پارکس، تیسرے فریق کی منڈیوں اور صنعتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو کریں گے۔ موجودہ علاقائی و بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی اعتماد مزید مضبوط بنانے کے علاوہ تعلیم، زبان، ادب اور عوامی و ثقافتی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ سیمینار میں مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجی کے دور میں چین اور پاکستان کے درمیان علمی، تعلیمی اور عوامی روابط کو نئی جہت دینے کے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔

Comments (0)
Add Comment