نیویارک ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات بدھ کو یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطح پر بڑھتے ہوئے باہمی روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری مزید مستحکم بنانے اور پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور یورپی یونین کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے جی ایس پی پلس کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس فریم ورک کے تحت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل روابط جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے یورپی یونین کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے.