اسلام آباد (پی پی اے) اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا عالمی دن ہفتہ 26 ستمبر کو منایا گیا۔ یہ دن عالمی جوہری تخفیفِ اسلحہ کے عزم کا اعادہ کرنے اور جوہری ہتھیاروں سے لاحق خطرات سمیت ان کے مکمل خاتمے کی ضرورت سے متعلق آگاہی بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے قرارداد 68/32 کے تحت اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا مقصد جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ دنیا بھر میں پہلی مرتبہ یہ دن 26 ستمبر 2014 کو منایا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اس دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی، باہمی عدم اعتماد، فوجی مسابقت اور جوہری ہتھیاروں کی جدید کاری عالمی خطرات میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے جوہری تخفیفِ اسلحہ اور جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے لیے سفارت کاری اور بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔ سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی 2026 کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 میں دنیا کے 9 جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کے پاس مجموعی طور پر تقریباً 12 ہزار 187 جوہری وارہیڈز موجود تھے، جن میں سے تقریباً 9 ہزار 745 فوجی ذخائر میں شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق ان تمام ممالک نے 2025 کے دوران اپنے جوہری ہتھیاروں کو جدید بنانے کے پروگرام جاری رکھے۔ اقوام متحدہ کے مطابق جوہری تخفیفِ اسلحہ عالمی سطح پر ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے