خیبرپختونخوا جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا پشاور میں آغاز نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم

پشاور ( پی پی اے) خیبرپختونخوا جونیئر اسکواش چیمپئن شپ قمر زمان اسکواش کمپلیکس پشاور میں شروع ہوگئی، جس میں صوبے کے نوجوان کھلاڑی گرلز انڈر 15، بوائز انڈر 15 اور بوائز انڈر 11 کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔ چار روزہ چیمپئن شپ کا فائنل 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری وزیر محمد تھے۔ اس موقع پر سابق عالمی چیمپئن قمر زمان، کوچ و چیف آرگنائزر منور زمان، انٹرنیشنل اسکواش کھلاڑی وسیم محمد اور اطلس خان بھی موجود تھے۔ چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد خیبرپختونخوا کے نوجوان اسکواش کھلاڑیوں کو مسابقتی ماحول فراہم کرنا، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور مستقبل میں قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔ منتظمین کے مطابق جونیئر سطح پر ایسے مقابلوں کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے لیے خود کو تیار کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں

Comments (0)
Add Comment