اقوام متحدہ۔ ( پی پی اے): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور مؤثر، پابند اور مکمل طور پر قابلِ عمل ہے، پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے، اس میں رکاوٹ ڈالنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور کی جائے گی، بھارت اس بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں عمومی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کی ایک اور بنیاد دباؤ کا شکار ہے۔ سندھ طاس کا مشترکہ نظامِ آب نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ پورے خطے کے لوگوں کے لیے زندگی کا بنیادی عنصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کا بھارت کا فیصلہ کسی بھی قانونی بنیاد سے محروم ہے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین اور حال ہی میں ثالثی عدالت کی جانب سے بھی بھارت کے دعووں اور اقدامات کو مسترد کیا گیا ہے، جس سے پاکستان کا یہ جائز مؤقف درست ثابت ہوا ہے کہ معاہدہ بدستور مؤثر، پابند اور مکمل طور پر قابلِ عمل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پانی کو کبھی ہتھیار نہیں بنایا جانا چاہیے۔ دریاؤں کو قوموں کی پرورش کرنی چاہیے، انہیں تقسیم نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے، اس میں رکاوٹ ڈالنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور کی جائے گی اور بھارت اس بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہے