بانڈونگ (پی پی اے) انڈونیشیا کے شہر بانڈونگ میں واقع سی جالک ہاروپات اسٹیڈیم میں پاکستان کی مردوں کی قومی فٹبال ٹیم نے فیفا آسیان کپ میں اپنی تاریخ کا پہلا میچ کھیلا، تاہم گروپ بی ڈویژن ون کے مقابلے میں اسے تھائی لینڈ کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فیفا عالمی درجہ بندی میں پاکستان سے 105 درجے اوپر موجود تھائی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم نے کوچ نولبرٹو سولانو کی قیادت میں بھرپور عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے ابتدائی 30 منٹ میں مضبوط دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے تھائی حملوں کو محدود رکھا جبکہ جوابی حملوں کے ذریعے بھی چند مواقع پیدا کیے۔ گول کیپر یوسف بٹ نے پہلے ہاف میں شاندار بچاؤ کرتے ہوئے پاکستان کو گول سے محفوظ رکھا، تاہم تیراسک پوئی فیمائی نے واپس آنے والی گیند پر گول کرکے تھائی لینڈ کو برتری دلادی۔ دس منٹ بعد جوڈ بیل سون سوپ نے زوردار شاٹ کے ذریعے برتری دگنی کردی۔ دوسرے ہاف میں پاکستان نے زیادہ جارحانہ انداز اپنایا اور کوچ نولبرٹو سولانو نے تین تبدیلیاں بھی کیں۔ شائیک دوست، حیان خٹک اور عالمگیر غازی میدان میں آئے، تاہم پاکستانی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ کھیل کے ایک گھنٹے مکمل ہونے پر تیراسک پوئی فیمائی نے ایک اور خوبصورت گول کرکے تھائی لینڈ کی برتری 3-0 کردی۔ میچ کے اختتام سے چھ منٹ قبل انہوں نے ایک اور گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور تھائی لینڈ کو 4-0 سے کامیابی دلادی۔ پاکستانی ٹیم اب منگل کے روز فلپائن کے خلاف اپنے اگلے میچ میں کامیابی کے لیے میدان میں اترے گی۔