اسلام آباد (پی پی اے) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا تیسرا راؤنڈ اختتام پذیر ہوگیا تیسرے راؤنڈ میں سٹیٹ بینک اور کنگز مین اکیڈمی نے کامیابیاں حاصل کیں جبکہ کے آر ایل بمقابلہ اوجی ڈی سی ایل اور ایم آئی ٹی سلیوشنز بمقابلہ ایس این جی پی ایل کے میچز ڈرا ہوگئے ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کا آغاز بدھ سے ہوگا۔
نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں سٹیٹ بینک نے غنی کو ایک اننگز اور 18 رنز سے شکست دی چوتھے روز غنی نے اپنی دوسری اننگز 125 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تاہم پوری ٹیم 95.5 اوورز میں 298 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی سٹیٹ بینک نے پہلی اننگز میں غنی کے خلاف 316 رنز کی برتری حاصل کی تھی غنی کے کپتان محسن ریاض نے 148 گیندوں پر 19 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی چوتھی سنچری ہے سٹیٹ بینک کی جانب سے کاشف بھٹی اور سراج الدین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں ایبٹ سٹیڈیم میں اوجی ڈی سی ایل نے فالو آن کے بعد کے آر ایل کو جیت کے لیے 95 رنز کا ہدف دیا تاہم دن کے باقی تین اوورز میں کے آر ایل کی ٹیم 11 رنز ہی بناسکی اور میچ ڈرا ہوگیا اوجی ڈی سی ایل نے فالو آن کرتے ہوئے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز بغیر کسی نقصان کے 34 رنز سے شروع کی کپتان روحیل نذیر اور وقار احمد کی نصف سنچریوں نے اوجی ڈی سی ایل کو یقینی شکست سے بچاتے ہوئے میچ ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا کے آر ایل کی جانب سے ارشد اقبال نے تین جبکہ فہیم اشرف محمد فائق اور افتخار احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں عمران خان سٹیڈیم پشاور میں ایم آئی ٹی سلیوشنز اور ایس این جی پی ایل کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا ایس این جی پی ایل کو کامیابی کے لیے آخری روز 394 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم کھیل کے اختتام تک ٹیم 50 اوورز میں 163 رنز بناسکی ایس این جی پی ایل کے اذان اویس 81 رنز پر ناقابل شکست رہے جبکہ سمیر منہاس نے 75 رنز بنائے اس سے قبل ایم آئی ٹی سلیوشنز نے اپنی دوسری اننگز 192 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی سلمان خان جونیئر نے نصف سنچری اسکور کی ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگز مین اکیڈمی نے پی ٹی وی کو 10 وکٹوں سے شکست دی کنگز مین اکیڈمی نے 87 رنز کا ہدف صرف 9.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا محمد الیاس کی شاندار باؤلنگ کی بدولت کنگز مین نے پی ٹی وی کو دوسری اننگز میں 299 رنز پر آل آؤٹ کیا محمد الیاس نے چھ وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں مجموعی طور پر 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا پی ٹی وی کی جانب سے شارون سراج اور محمد طحہ نے نصف سنچریاں اسکور کیں تین راؤنڈز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سٹیٹ بینک 49 پوائنٹس کے ساتھ پہلے کنگز مین اکیڈمی 42 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اوجی ڈی سی ایل 39 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے غنی کے 37 کے آر ایل کے 35 ایم آئی ٹی سلیوشنز کے 31 پی ٹی وی کے 28 جبکہ ایس این جی پی ایل کے 21 پوائنٹس ہیں