اوکازاکی، جاپان (پی پی اے) ایشین گیمز آئچی ناگویا 2026 کے مینز والی بال مقابلوں میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اوکازاکی چوئو سوگو پارک جمنازیم میں کھیلے گئے پول اے کے میچ میں گرین شرٹس نے تینوں سیٹس میں برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی. پاکستان نے پہلے سیٹ میں ازبکستان کو 25-18 سے شکست دی دوسرے سیٹ میں بھی 25-18 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے سیٹ میں ازبکستان کی جانب سے مزاحمت کے باوجود پاکستان نے 25-20 سے سیٹ اپنے نام کرتے ہوئے میچ 3-0 سے جیت لیا. پاکستان کی جانب سے مراد خان نے 14 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا موساور خان نے 13 محمد حامد نے 11 جبکہ عثمان فریاد علی نے 10 پوائنٹس حاصل کیے پاکستانی کھلاڑیوں نے اٹیک بلاکنگ اور دفاع میں عمدہ تال میل کا مظاہرہ کیا. پاکستان نے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا آغاز قازقستان کے خلاف 3-1 کی فتح سے کیا تھا جس کے بعد ازبکستان کے خلاف کامیابی کے ساتھ پول اے میں مسلسل دو فتوحات حاصل کرلی ہیں ان دو کامیابیوں کے بعد پاکستان نے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے پاکستان پول اے کے آخری میچ میں میزبان جاپان کے خلاف 29 ستمبر کو اوکازاکی چوئو سوگو پارک جمنازیم میں میدان میں اترے گا میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف ٹیم مینجمنٹ اور تمام آفیشلز کو کوارٹر فائنل میں رسائی پر مبارکباد دیتے ہوئے ایشین گیمز میں ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے.