لوزان ( پی پی اے) بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے اولمپک موومنٹ کے لیے اپنا پہلا ’’ٹرسٹ وردی اے آئی فریم ورک‘‘ باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد کھیلوں سے وابستہ تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز کو مصنوعی ذہانت کے جدید ذرائع کو اخلاقی، محفوظ، شفاف اور قابل اعتماد انداز میں استعمال کرنے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ آئی او سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جامع فریم ورک ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کنسلٹنگ پارٹنر ’ڈیلائٹ‘ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جس کی تیاری میں اولمپک موومنٹ کے 200 سے زائد رہنماؤں، ٹیکنالوجی ماہرین اور ایتھلیٹس کی آراء اور تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ فریم ورک کھیلوں کے اداروں کو مصنوعی ذہانت کے تیزی سے پھیلتے ہوئے دائرہ کار سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ اس سے وابستہ ممکنہ چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس کی بنیاد سات کلیدی اصولوں پر رکھی گئی ہے، جن میں کھیلوں کے لیے محفوظ اور قابل اعتماد اے آئی، ایتھلیٹس کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ، نظام کی مضبوطی، شفافیت، ادارہ جاتی احتساب، غیر جانبدارانہ مساوات اور پائیداری کا فروغ شامل ہیں۔ آئی او سی کے مطابق ان اصولوں کو کسی بھی اے آئی سسٹم کے ابتدائی ڈیزائن اور خریداری سے لے کر روزمرہ کے عملی نفاذ تک ہر مرحلے میں لاگو کیا جا سکتا ہے۔ اصولوں کے عملی اطلاق کے لیے آئی او سی نے تین نکاتی سیلف اسیسمنٹ چیک لسٹ بھی جاری کی ہے، جس کے ذریعے کھیلوں کی تنظیمیں اے آئی سسٹمز سے وابستہ خطرات کا قبل از وقت تعین، حفاظتی اصولوں کا نفاذ اور اپنے نظام کو مزید مستحکم و قابل اعتماد بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی نشاندہی کرسکیں گی۔ آئی او سی کے ہیڈ آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس الیجاندرو میرینو میڈرڈ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کھلاڑیوں کی تیاری، مقابلوں کے انعقاد اور شائقین کے تجربے کو انقلابی انداز میں تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، تاہم ٹیکنالوجی کو کھیل کی خدمت کرنی چاہیے، نہ کہ کھیل ٹیکنالوجی کا پابند بنے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی کے اخلاقی اور درست استعمال کی بنیادی ذمہ داری ان تنظیموں پر عائد ہوگی جو ان جدید نظاموں کو ڈیزائن یا اپنے اداروں میں نافذ کریں گی.