اسلام آباد (پی پی اے) صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے اسلام آباد کے دورے پر آئے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر پی ایچ ایف نے معزز مندوبین کو پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے جاری کوششوں اب تک کی پیشرفت فیڈریشن کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات اور قومی کھیل کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا محی الدین احمد وانی نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں ایس سی او ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ایس سی او کے تمام رکن ممالک کی ہاکی ٹیموں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے. ایس سی او کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور نمائندوں نے تجویز کو سراہتے ہوئے چیمپئن شپ میں شرکت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا انہوں نے اس اقدام کو ہاکی کے فروغ عوام کے مابین روابط مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعاون کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نمائندوں کے مثبت ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ چیمپئن شپ سے خطے میں ہاکی کی ترقی اور بین الاقوامی کھیلوں کے تبادلے کو نئی توانائی ملے گی مجوزہ ایس سی او ہاکی چیمپئن شپ کے حوالے سے دیگر تکنیکی تفصیلات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر متعلقہ رکن ممالک کے ساتھ مشاورت آنے والے ہفتوں میں مکمل کی جائے گی.