لوزان (پی پی اے) بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے اولمپک موومنٹ کے لیے اپنا پہلا ’’ٹرسٹ وردی اے آئی فریم ورک‘‘ باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا۔ آئی او سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں کھیلوں سے وابستہ تنظیموں اور سٹیک ہولڈرز کو ایسی عملی اور ٹھوس رہنمائی فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے جدید ذرائع کو اخلاقی، محفوظ، شفاف اور بااعتماد انداز میں اداروں کے نظام کا حصہ بنایا جا سکے۔ یہ جامع فریم ورک آئی او سی نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کنسلٹنگ پارٹنر ’’ڈیلائٹ‘‘ کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔ اس کی تیاری میں اولمپک موومنٹ سے وابستہ 200 سے زائد رہنماؤں، ٹیکنالوجی ماہرین اور ایتھلیٹس کی آراء اور تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ گائیڈ لائنز کا مقصد کھیلوں کے اداروں کو مصنوعی ذہانت کے تیزی سے پھیلتے ہوئے دائرہ کار سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ اس سے وابستہ ممکنہ چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔ فریم ورک کی بنیاد سات کلیدی اصولوں پر رکھی گئی ہے جن میں کھیلوں کے لیے محفوظ اور قابلِ اعتماد مصنوعی ذہانت کا قیام، ایتھلیٹس کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ، نظام کی مضبوطی، شفافیت، ادارہ جاتی احتساب، غیر جانبدارانہ مساوات اور پائیداری کا فروغ شامل ہیں۔ ان اصولوں کو مصنوعی ذہانت کے کسی بھی نظام کے ابتدائی ڈیزائن اور خریداری سے لے کر روزمرہ کے عملی نفاذ تک ہر مرحلے پر لاگو کیا جا سکتا ہے۔ اصولوں کے عملی اطلاق کے لیے آئی او سی نے تین نکاتی سیلف اسیسمنٹ چیک لسٹ بھی جاری کی ہے۔ اس چیک لسٹ کے ذریعے کھیلوں کی تنظیمیں مصنوعی ذہانت کے کسی بھی نظام سے وابستہ خطرات کا قبل از وقت تعین کرنے، مجوزہ حفاظتی اصول نافذ کرنے اور اپنے سسٹمز کو مزید مستحکم اور قابلِ بھروسا بنانے کے لیے ضروری عملی اقدامات کی نشاندہی کر سکیں گی۔ آئی او سی کے ہیڈ آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس الیجاندرو میرینو میڈرڈ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کھلاڑیوں کی تیاری، مقابلوں کے انعقاد اور شائقین کے تجربے کو انقلابی انداز میں تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، تاہم ٹیکنالوجی کو کھیل کی خدمت کرنی چاہیے نہ کہ کھیل ٹیکنالوجی کا پابند بنے۔ انہوں نے کہا کہ فریم ورک کے مطابق مصنوعی ذہانت کے اخلاقی اور درست استعمال کی بنیادی ذمہ داری ان تنظیموں پر عائد ہوگی جو ان جدید نظاموں کو ڈیزائن یا اپنے اداروں میں نافذ کریں گی.