بانڈونگ، انڈونیشیا (پی پی اے) علی اکبر خان اور عبدالصمد ارشد کے شاندار گولز کی بدولت پاکستان نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے فیفا آسیان کپ میں فلپائن کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کردیا اور ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے علی اکبر خان نے اپنا پہلا بین الاقوامی گول اسکور کیا، جبکہ عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول کرکے قومی ٹیم کو برابری دلائی۔ فیفا کے کسی مقابلے میں پاکستان کی یہ پہلی شرکت ہے اور فلپائن کے خلاف میچ میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے گول بھی اسکور کیے۔ گروپ بی کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کے بعد پاکستان نے فلپائن کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دو گول کے خسارے کو ختم کرتے ہوئے ایک پوائنٹ حاصل کیا۔ فلپائن نے 24ویں منٹ میں سینڈرو ریز کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، جبکہ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بیورن کرسٹنسن نے پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 2-0 کردی۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں پاکستان نے بھرپور انداز میں واپسی کی۔ کپتان عبداللہ اقبال کی جانب سے علی اکبر کو فراہم کی گئی گیند پر علی اکبر نے ایک دفاعی کھلاڑی کو چکما دیتے ہوئے گول کیپر کیون رے مینڈوزا کی ٹانگوں کے درمیان سے گیند جال میں پہنچا دی۔ یہ قومی ٹیم کے لیے ان کا پہلا بین الاقوامی گول تھا۔ پاکستان نے دباؤ برقرار رکھا اور کچھ ہی دیر بعد عبدالصمد ارشد نے دائیں جانب سے تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے پنالٹی ایریا میں داخل ہوکر گول کیپر کو مات دے دی اور پاکستان کو 2-2 سے برابری دلادی۔ یہ قومی ٹیم کے لیے عبدالصمد کا دوسرا بین الاقوامی گول تھا۔ میچ کے آخری مراحل میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کی کوشش کی، تاہم پاکستان کی دفاعی لائن نے فلپائن کے حملوں کا مقابلہ کیا جبکہ پاکستانی کھلاڑی بھی مسلسل حملہ آور رہے۔ فلپائن نے آخری لمحات میں دفاع مضبوط رکھا اور یوں مقابلہ 2-2 سے برابر ہوگیا۔ ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے دوسرے ہاف کے آغاز پر دو تبدیلیاں بھی کیں، جبکہ بعد ازاں عبدالرؤف اور عبدالصمد خان کو میدان میں اتارا گیا، جنہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا۔ میچ کے دوران پاکستانی شائقین نے قومی ٹیم کی مسلسل حوصلہ افزائی کی۔ اس نتیجے کے بعد پاکستان نے فیفا آسیان کپ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔