ریاض ( پی پی اے) سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی حکام اور انتہا پسند آباد کاروں کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی سرپرستی میں مسجد اقصیٰ کے تقدس اور اس کی مذہبی و تاریخی حیثیت کی پامالی قابل مذمت ہے۔ وزارت خارجہ کا مذمتی بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب انتہا پسند آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں دھاوا بولا، جس کے بعد اسرائیلی حکام نے مسجد کے احاطے میں داخل ہونے والے دروازوں میں سے ایک باب المغاربہ کو بند کردیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے والے ان اقدامات کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔