اسلام آباد ( پی پی اے): ورلڈ کپ ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ آئندہ ماہ 12 سے 21 اکتوبر تک جرمنی کے شہر میونخ میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان کی چار رکنی قومی ٹیم شرکت کرے گی۔پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایا کہ عالمی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم میں احمر سلڈیرا، غضنفر بلال، دانیال الرحمٰن اور محمد معیز شامل ہیں جبکہ محمد حسین چٹھہ ٹیم کے منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی کھلاڑی ورلڈ کپ کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں اور عالمی ٹائٹل کے حصول کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اعجاز الرحمن کے مطابق ورلڈ کپ میں دنیا بھر سے تقریباً 48 ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ امریکہ، جرمنی، ملائیشیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، کویت، چین، کینیڈا، اسپین، فرانس، سویڈن، نیدرلینڈز، پولینڈ، ترکیہ، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔