گوتریش کا نسل پرستی کے خاتمے کیلئے اتحاد، عملی اقدامات پر زور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مساوی معاشروں کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت اجاگر کردی

اقوام متحدہ ( پی پی اے) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے نسل پرستی کے خاتمے کے لیے رکن ممالک پر اتحاد اور ٹھوس عملی اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے ڈربن اعلامیے اور پروگرام آف ایکشن کی منظوری کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا بنیادی مقصد ایک زیادہ پرامن، منصفانہ اور مساوی دنیا کی تعمیر میں مدد فراہم کرنا ہے جہاں ہر فرد کے وقار اور حقوق کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نسل پرستی کے خلاف جدوجہد اخلاقی تقاضا اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔ رکن ممالک نے نسل پرستی، ہر قسم کے امتیاز، اجنبیوں کے خلاف تعصب اور دیگر متعلقہ عدم برداشت کے خاتمے کے ساتھ متاثرہ افراد کے وقار، انسانی حقوق اور مساوات کے فروغ کا عزم کر رکھا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ان مسائل کا تدارک اتحاد اور عملی اقدامات میں ہے۔ حکومتوں کو امتیازی سلوک کے خاتمے اور مساوات سے متعلق قوانین کو مضبوط بنانے کے ساتھ مؤثر طور پر نافذ کرنا چاہیے اور ان اداروں کو بھی مستحکم کرنا چاہیے جو قوانین پر عملدرآمد یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے نظامی امتیاز کے خاتمے اور جامع و مساوی معاشروں کے قیام کے لیے سرمایہ کاری پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو قیادت کرنا ہوگی تاہم معاشرے کے ہر فرد اور ادارے کا بھی اس سلسلے میں کردار ہے۔ کاروباری اداروں کو براہ راست اور بالواسطہ امتیاز کی روک تھام اور ایسا کام کا ماحول یقینی بنانا چاہیے جہاں ہر فرد اپنی صلاحیتیں اور خیالات بروئے کار لا سکے۔ انتونیو گوتریش نے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت کے نظام میں موجود تعصبات کی نشاندہی، تدارک اور اصلاح کریں اور یقینی بنائیں کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مساوات، شمولیت اور ڈیجیٹل انصاف کو فروغ دے، نہ کہ انہیں نقصان پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ ڈربن اعلامیے اور پروگرام آف ایکشن کی منظوری کے 25 سال بعد بھی نسل پرستی کا مسئلہ موجود ہے۔ دنیا کو غلامی، نوآبادیاتی نظام اور نسلی امتیاز کے دیرپا اثرات کا ٹھوس اقدامات کے ذریعے سامنا کرنا ہوگا اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت ازالہ جاتی انصاف یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ نسلی امتیاز کی تمام اقسام کے خاتمے سے متعلق بین الاقوامی کنونشن کی عالمی سطح پر توثیق اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر ہر فرد کے وقار، حقوق اور معاشرے میں شمولیت کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے اور ناانصافی کو مسترد کرتے ہوئے ایسے معاشروں کی تعمیر کرنی چاہیے جہاں نسل پرستی اور امتیازی سلوک کے لیے کوئی جگہ نہ ہو۔

Comments (0)
Add Comment