جدہ ( محمد اکرم اسد ) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، جدہ نے ایک ‘بی ٹو بی’ (B2B) نیٹ ورکنگ تقریب کا انعقاد کیا جس میں ‘سعودی فوڈ شو 2026’ میں حصہ لینے والے پاکستانی نمائش کنندگان اور سعودی عرب کے نمایاں خریداروں، درآمد کنندگان اور تقسیم کاروں کو یکجا کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد مملکت میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کے فروغ اور دوطرفہ تجارت کو مزید مستحکم بنانا تھا تقریب میں تین سو کے قریب پاکستانی اور سعودی نامور تاجروں نے شرکت کی، جدہ پاکستان قونصیلٹ کی نئی عمارت میں ہونے والی اس تقریب میں شرکت کیلئے ریاض سے پاکستان کے سفیر احمد فاروق خصوصی طور پر شریک ہوئے، اس تقریب نے پاکستانی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے، کاروباری شراکت داری کے امکانات تلاش کرنے اور سعودی عرب کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، احمد فاروق نے اعلیٰ معیار اور مسابقتی قیمتوں کی حامل پاکستانی غذائی مصنوعات کے تنوع اور سعودی مارکیٹ میں ان کی وسیع تر رسائی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی برآمد کنندگان کی سہولت کاری اور سعودی کاروباری شراکت داروں کے ساتھ کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے سفارت خانے اور قونصلیٹ کے عزم کا اعادہ کیا۔اپنے خطاب میں قونصل جنرل آف پاکستان، جدہ، سید مصطفیٰ ربانی نے پاکستانی برآمد کنندگان اور سعودی کاروباری اداروں کے درمیان پائیدار تجارتی شراکت داری کے قیام میں براہ راست بی ٹو بی (B2B) رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان سے آئے ہوئے سعودی فوڈ نمائش میں تاجروں نے اس شاندار تقریب پر سفیر پاکستان احمد فاروق اور قونصل جنرل سید مصطفی ربانی و قونصل کمرشل سعدیہ خان کا شکریہ اداکرتے ہوئے اسے پاک سعودی تجارت کیلئے ایک بہترین اقدام قرار دیا