میرپور آزاد کشمیر (پی پی اے) میرپور میں انڈر 14 گرلز فٹبال اکیڈمی کا افتتاح کردیا گیا جسے طالبات کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے مسلم ہینڈز فٹبال اکیڈمی میرپور کے زیر اہتمام قائم کی گئی گرلز فٹبال اکیڈمی کی افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں میرپور فرخ اویس چوہدری محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور کے شعبہ اطفال کی سربراہ ڈاکٹر صبا حیدر تارڑ، پرنسپل صبا اویس سمیت دیگر خواتین نمائندگان نے شرکت کی. اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں میرپور فرخ اویس چوہدری نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طالبات کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے آزاد کشمیر میں طالبات کے لیے کھیلوں کی سہولیات اور مواقع میں اضافہ انہیں صحت مند سرگرمیوں میں شریک کرنے کے ساتھ ساتھ خود اعتمادی نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا. ڈاکٹر صبا حیدر تارڑ سمیت دیگر شرکا نے گرلز فٹبال اکیڈمی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے طالبات کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور مختلف سطحوں پر نمائندگی کے مواقع میسر آسکتے ہیں انہوں نے اکیڈمی کے منتظمین کی کاوشوں کو بھی سراہا مسلم ہینڈز فٹبال اکیڈمی میرپور کے منیجر راجہ ہاشم اشرف نے کہا کہ انڈر 14 گرلز فٹبال اکیڈمی کا مقصد طالبات کو فٹبال کی تربیت کے ساتھ نظم و ضبط ٹیم ورک خود اعتمادی اور قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اکیڈمی میں اپنی بچیوں کو بھیجنے والے والدین کا شکریہ ادا کیا تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی کو اکیڈمی کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ طالبات نے فٹبال کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور افتتاحی میچ بھی کھیلا.