پاکستان ہاکی لیگ کا باضابطہ افتتاح 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کے احیاء اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان ہاکی لیگ پی ایچ ایل کا باضابطہ افتتاح 14 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد میں ہوگا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن پی ایچ ایف کے مطابق لیگ کے انعقاد کا مقصد ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا اور کھیل کے لیے ایک مستحکم اور پیشہ ورانہ نظام تشکیل دینا ہے۔ پی ایچ ایف نے رواں سال مسابقتی بولی کے عمل کے بعد لیگ کے حقوق میڈیا کاسٹ کے سپرد کیے تھے جبکہ پی ایچ ایف اور میڈیا کاسٹ 2027 میں پی ایچ ایل کے پہلے سیزن کے آغاز کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں پاکستان ہاکی لیگ کو ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور انڈین ہاکی لیگ کی طرز پر تشکیل دیا جا رہا ہے۔ پہلے سیزن میں 6 سے 8 فرینچائز ٹیموں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ دنیا کے نامور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے لیے لیگ کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور ڈریسنگ روم کا تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا لیگ کے ذریعے فرینچائز مالکان اور کارپوریٹ سپانسرز سمیت نجی شعبے کے شراکت داروں کو بھی ہاکی سے منسلک کیا جائے گا، جس سے ملک میں کھیل کے فروغ کے لیے تجارتی معاونت اور مارکیٹنگ کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے.پی ایچ ایل پاکستانی ہاکی کے پیشہ ور افراد کو بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی جس سے جدید انتظامی فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلنے والی لیگ کے ذریعے ٹیموں کی ملکیت اور شراکت داری نشریات و ڈیجیٹل مواد مرچنڈائزنگ اشتہارات ہاسپیٹلٹی ٹکٹنگ اور گراس روٹ پروگراموں سمیت مختلف شعبوں میں نئے تجارتی مواقع پیدا ہوں گے پاکستان ہاکی کی تاریخ اولمپک گولڈ میڈلز ورلڈ کپ اور ایشین گیمز کے اعزازات سے عبارت ہے اور ملک نے اس کھیل میں متعدد عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی پیدا کیے ہیں پی ایچ ایف کے مطابق موجودہ چیلنج اس شاندار ورثے کو جدید پائیدار اور مستقبل پر مبنی نظام میں تبدیل کرنا ہے.پاکستان ہاکی لیگ کا افتتاح اسی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے قومی اور ڈیپارٹمنٹل مقابلوں پر زیادہ انحصار کرنے والے روایتی ہاکی کلچر سے ایک ایسے جدید نظام کی جانب پیش رفت کی جائے گی جو باقاعدہ مسابقت پیشہ ورانہ ڈھانچے سرمایہ کاری اسپورٹس سائنس، نوجوانوں کی تربیت اور تجارتی پائیداری پر مبنی ہوگا

Comments (0)
Add Comment