ناگویا، جاپان (پی پی اے) پاکستان کے شوٹر جی ایم بشیر نے 20ویں ایشین گیمز آئچی ناگویا 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 میٹر ریپیڈ فائر پسٹل کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت لیا جس کے بعد ایشین گیمز میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 6 ہوگئی. ایشین گیمز شوٹنگ کے مقابلوں میں جی ایم بشیر 25 میٹر ریپیڈ فائر پسٹل کے مقابلے میں شریک ہوئے۔ وہ میڈل راؤنڈ سے قبل کوالیفائنگ مرحلے کے پہلے روز آٹھویں پوزیشن پر تھے، تاہم دوسرے روز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن حاصل کی اور میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔میڈل راؤنڈ میں بھی جی ایم بشیر نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور مجموعی طور پر 22 پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی، یوں وہ کانسی کے تمغے کے حقدار قرار پائے تین مرتبہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے جی ایم بشیر اس سے قبل 2022 میں پاکستان کے لیے عالمی چیمپئن شپ میں بھی کانسی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ ایشین گیمز میں ان کی کامیابی سے پاکستان کے تمغوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔