اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی بحالی، فروغ اور ترقی کے لیے ایک اور کارپوریٹ ادارے نے پاکستان ہاکی فیڈریشن پی ایچ ایف کے ساتھ شراکت داری قائم کرلی اس سلسلے میں وائٹل گروپ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے درمیان تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے تحت وائٹل گروپ کارپوریٹ وسائل اور شراکت داری کے ذریعے قومی کھیل کی سرپرستی کرے گا اس اشتراک کو پاکستان میں ہاکی کے پائیدار اور روشن مستقبل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے معاہدے کی پروقار تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے خصوصی شرکت کی تقریب میں پاکستان ہاکی کے نامور اولمپینز حسن سردار ناصر علی طاہر زمان اور خواجہ جنید سمیت ہاکی فیملی سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں حکومتی قیادت اور سابق اولمپینز کی شرکت اس عزم کی عکاس ہے کہ پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے اور قومی کھلاڑیوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی پاکستان ہاکی فیڈریشن اور کھلاڑیوں نے قومی کھیل پر اعتماد کا اظہار کرنے اور اس کی بحالی کے سفر میں شراکت داری اختیار کرنے پر وائٹل گروپ کا شکریہ ادا کیا تقریب میں شریک تمام شراکت داروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے پاکستان ہاکی کو عالمی سطح پر دوبارہ عروج دلانے اور قومی کھیل کے روشن مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے