پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی سلطان آف جوہر کپ میں فاتحانہ آغاز
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہر کپ 2026ء کے اپنے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو 3-8 سے شکست دے دی تفصیلات کے مطابق میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے حریف ٹیم پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ کھیل کے 13ویں منٹ میں سیف اللہ نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔ فاروق محمد نے 30ویں، رانا ولید نے 37ویں حمزہ فیاض نے 39ویں، مصطفیٰ غلام نے 43ویں اور عثمان محمد نے 44ویں منٹ میں گول اسکور کرکے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں حیدر عاصم نے 55ویں اور 57ویں منٹ میں مسلسل دو گول کرکے پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔ چین کی جانب سے لیانگ ہاؤلن نے دو جبکہ وانگ یوبو نے ایک گول کیاپاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں، آفیشلز اور کوچنگ اسٹاف کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں جس جذبے اور ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ قومی ٹیم کی یہ کامیابی پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی ضامن ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ٹورنامنٹ کے آئندہ میچوں میں بھی اسی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی