پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی

سلمان علی آغا کی سنچری پاکستان نے ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا

راولپنڈی (پی پی اے) ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی جواب میں سری لنکا کی ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سلمان علی آغا کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بابر اعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا بابر اعظم نے 57 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا وکٹ کیپر سعد بیگ نے 40 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے ان کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے حسن نواز نے 49 گیندوں پر 37 رنز بنائے عرفات منہاس نے 15 گیندوں پر 18 اور فخر زمان نے 19 گیندوں پر 16 رنز اسکور کیے کپتان شاہین شاہ آفریدی 12 گیندوں پر 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ صائم ایوب 7 اور فہیم اشرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے نسیم شاہ اور حارث رؤف کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے پاکستان نے اضافی رنز کی مد میں 17 رنز حاصل کیے پاکستان کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب صائم ایوب 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان 32 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم 106 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کی وکٹ گر گئی جبکہ سعد بیگ 118 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد حسن نواز اور سلمان علی آغا نے اننگز کو آگے بڑھایا سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ عرفات منہاس نے بھی قیمتی 18 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا سب سے کامیاب باؤلر رہے انہوں نے 46 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اسیتھا فرنینڈو نے 59 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دلشان مدوشنکا نے 67 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے پوان رتنائیکے نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے جنتھ لیاناگے نے 74 گیندوں پر 60 رنز بنائے جبکہ کمیندو مینڈس نے 50 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے داسن شناکا نے 18 گیندوں پر 28 رنز بنائے جبکہ کپتان کوشل مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے دیگر بلے باز پاکستانی باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 55 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اس طرح پاکستان نے افتتاحی مقابلے میں 37 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا سلمان علی آغا کی سنچری میچ کی نمایاں انفرادی کامیابیاں رہیں

Comments (0)
Add Comment