اسلام آباد میں ہاکی کے فروغ کے لیے زونل اسپورٹس گالا فیسٹیول

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی دارالحکومت میں ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے زونل اسپورٹس گالا فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس کی افتتاحی تقریب سیکٹر ایف سیون ٹو کے اسکول میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) جاوید اقبال مرزا نے فیتہ کاٹ کر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔تقریب میں اسکول کی پرنسپل عمارہ وئیس نیازی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کانگریس ممبر مرزا نوید احمد، اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری سید سلیم رضا، ڈائریکٹر اسپورٹس عاسمہ احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر امجد اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔فیسٹیول کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ ان کے ذریعے نوجوانوں میں کھیلوں کا شعور اجاگر کرنے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے مواقع بھی فراہم ہوتے ہیں۔مقررین نے ہاکی کے فروغ کے لیے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرپرستی سے قومی کھیل ہاکی کو نچلی سطح پر ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح پر ملک کی نمائندگی کے مواقع میسر آئیں گے

Comments (0)
Add Comment