راولپنڈی (پی پی اے) سہ ملکی ون ڈے سیریز 2026 کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سنسنی خیز کامیابی حاصل کرلی انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 49.5 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 430 رنز بنا کر ایک گیند قبل فتح حاصل کی انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے انگلش کپتان ہیری بروک نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز بنائے ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے جو روٹ نے 69 ول جیکس نے ناقابل شکست 66 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالاگے نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا 430 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 24 رنز پر گر گئیں تاہم پون رتھنایاکے اور اویشکا فرنینڈو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مقابلے میں واپس لے آئے پون رتھنایاکے نے 106 گیندوں پر 130 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ اویشکا فرنینڈو 83 گیندوں پر 97 رنز بنا کر نمایاں رہے دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 166 رنز کی اہم شراکت قائم کی بعدازاں دسن شاناکا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 50 گیندوں پر 97 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔ آخری مرحلے میں جنتھ لیاناگے نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر ناقابل شکست 61 رنز بنائے اور سری لنکا کو فتح سے ہمکنار کیا پون رتھنایاکے کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کرن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جیمی اوورٹن اور لیام ڈاؤسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی اس کامیابی کے بعد سری لنکا کے دو میچوں میں دو پوائنٹس ہوگئے ہیں، جبکہ پاکستان چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ انگلینڈ کو دو میچوں میں تاحال کوئی پوائنٹ نہیں ملا سیریز کا اگلا میچ 25 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں ہوگا