سعید غنی کا کھیلوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور نوجوانوں کو مواقع دینے پر زور

کراچی (پی پی اے) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کھیلوں پر بھرپور توجہ دی اور سرمایہ کاری کی ہے تاہم کھیلوں کے فروغ کے لیے اس سے بھی زیادہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے نوجوانوں کے لیے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی انتہائی ضروری ہیں جبکہ کھیلوں پر اخراجات کو خسارہ نہیں بلکہ سرمایہ کاری سمجھنا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں منعقدہ لوک سہائتا 54ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2026 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن کے چیئرمین اکرم ساہی ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی آزاد خان، چیئرمین لوک سہائتا پیر محمد شاہ، سیکرٹری کھیل سندھ اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کراچی میں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ منعقد ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی تقریب میں شرکت کرنا تھی، تاہم بیرون ملک روانگی کے باعث انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر لوک سہائتا کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی کھیلوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور جہاں انہیں کھیلوں کی تقریبات میں مدعو کیا جاتا ہے، وہ خوشی سے شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ ان کی خواہش ہے کہ بچوں کو تعلیمی میدان میں آنے کے ساتھ ہی کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو ابتدائی عمر سے نکھارا جا سکے۔سعید غنی نے کہا کہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں ملک کا نام روشن کیا، تاہم کھیلوں کا دائرہ صرف ہاکی اور کرکٹ تک محدود نہیں بلکہ دیگر کھیلوں کو بھی یکساں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جن وزارتوں میں کام کرنے کا موقع ملا، وہاں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے۔ ماضی میں مختلف سرکاری اداروں میں کھیلوں کی ٹیمیں موجود تھیں، لیکن اب بہت سے اداروں میں یہ ٹیمیں ختم ہو چکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب بعض اداروں سے کھیلوں کی ٹیمیں ختم کرنے کی وجہ پوچھی گئی تو بتایا گیا کہ ادارے خسارے میں ہیں۔ اس پر انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خسارے کے باوجود کھیلوں اور کھلاڑیوں کے فروغ کے لیے وسائل مختص کیے جانے چاہئیں، کیونکہ یہ کوئی خسارہ نہیں بلکہ مستقبل کے لیے سرمایہ کاری ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے اور ملک میں کھیلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چیئرمین لوک سہائتا پیر محمد شاہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری ذمہ داریوں کے ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے بھی محنت کر رہے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑی بھرپور انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین لوک سہائتا پیر محمد شاہ نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بتایا کہ نو سال کے طویل عرصے کے بعد قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ منعقد ہو رہی ہے، جس کے لیے کراچی پورے ملک سے آنے والے کھلاڑیوں کا مرکز بن گیا ہے۔انہوں نے دوسرے شہروں اور صوبوں سے آنے والے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کراچی میں ان کا قیام یادگار ثابت ہوگا اور انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ پیر محمد شاہ کے مطابق اس چیمپئن شپ کو ’’ایک قوم، ایک میدان، ایک پاکستان‘‘ کے نعرے سے منسوب کیا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوک سہائتا کے پیٹرن ان چیف اور سابق چیف جسٹس آغا رفیق نے کہا کہ یہ ایونٹ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ان کا ادارہ نئے کھلاڑیوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کراچی میں قومی چیمپئن شپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر سعید غنی نے 54ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔

Comments (0)
Add Comment