پاکستان ہاکی فیڈریشن کا اسکول ہاکی لیگ دسمبر میں شروع کرنے کا اعلان :

نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ماہانہ وظائف اور بین الاقوامی کوچز کے تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے فروغ، نچلی سطح پر نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور انڈر 18 اور انڈر 21 قومی ٹیموں کے لیے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنے کے مقصد سے اسکول ہاکی لیگ پاکستان کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔ ملک گیر انٹر اسکول مقابلوں کا آغاز رواں سال دسمبر میں ہوگا، جبکہ نیشنل فائنلز جنوری میں اسلام آباد میں منعقد کیے جائیں گے مجوزہ لیگ میں چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے اسکولوں کو شرکت کا موقع ملے گا۔ مقابلوں کے دوران اسکول ڈسٹرکٹ، زونل اور صوبائی یا علاقائی کوالیفائرز کے مراحل سے گزرتے ہوئے قومی فائنلز تک پہنچیں گے۔ اس لیگ کو نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی سطح پر آگے بڑھنے کے لیے مستقل مواقع فراہم کرنے کے منصوبے کے طور پر تیار کیا گیا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق لیگ کے انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی محکمہ ہائے تعلیم و کھیل، اسپانسرز، وفاقی حکام، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں مقابلوں کے ڈھانچے اسکولوں کی شرکت دستیاب سہولیات اسپانسرشپ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا لیگ کا بنیادی مقصد ہر سال 200 سے 250 بہترین اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ انہیں مسلسل کوچنگ اور معیاری تربیت فراہم کی جا سکے۔ ٹیلنٹ کی تلاش کا عمل ضلعی سطح سے شروع ہوگا، جس کے ذریعے فائنل مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرنے والے اسکولوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتیں منوانے اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے مجوزہ مالی معاونت اسکیم کے تحت پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو کم از کم دو سال تک ماہانہ وظائف دیے جائیں گے، تاہم اس کے لیے ہاکی سے وابستہ رہنا ضروری ہوگا۔ اسکیم کے مطابق پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 15 ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 10 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 7 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ مقررہ ضوابط کے تحت یہ سہولت لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے ہوگی۔
منتخب کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لیے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران بین الاقوامی کوچز کی زیر نگرانی خصوصی تربیتی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ مسلسل کوچنگ اور مقابلوں کے مواقع فراہم کرکے ان کھلاڑیوں کو مستقبل کی قومی جونیئر ٹیموں کے لیے تیار کیا جائے گا
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس منصوبے کا ایک اہم پہلو نوجوان کھلاڑیوں کی کھیلوں میں ترقی کے ساتھ ان کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنا بھی ہے، تاکہ انہیں کھیل اور تعلیم دونوں شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آسکیں

Comments (0)
Add Comment