لاہور (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے ہاکی ایرینا لاہور میں کھیلی جانے والی ہاکی ٹیسٹ میچز سیریز کے دلچسپ مقابلے میں پاکستان کسٹمز نے گوانگ ڈونگ کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے آغاز سے اختتام تک سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا میچ کے پہلے کوارٹر کے اختتام پر پاکستان کسٹمز کو ایک گول کی برتری حاصل تھی، تاہم گوانگ ڈونگ نے دوسرے کوارٹر میں گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان کسٹمز نے ایک اور گول اسکور کرکے برتری 2-1 کر لی پاکستان کسٹمز کی جانب سے بلال اسلام نے میچ کے 15ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر پہلا گول اسکور کیا، جبکہ گوانگ ڈونگ کے کُوئی وینزوان نے 27ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔ پاکستان کسٹمز کے شہزیب خان نے 39ویں منٹ میں شاندار فیلڈ گول کرکے ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی میچ کے 51ویں منٹ میں بلال اسلام نے ایک مرتبہ پھر پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کسٹمز کی برتری 3-1 کر دی۔ گوانگ ڈونگ کی جانب سے چاؤ جیمنگ نے 60ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کرکے خسارہ کم کیا، تاہم پاکستان کسٹمز نے مقابلہ 2-3 سے جیت لیا۔