اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی اور او جی ڈی سی ایل کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
ملاقات کے دوران احمد حیات نے پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے او جی ڈی سی ایل ہاکی ٹیم قائم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ نئی تشکیل دی جانے والی ٹیم آئندہ نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق محکمہ جاتی سطح پر ہاکی ٹیم کی تشکیل سے قومی کھیل کے فروغ میں مدد ملے گی، جبکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے ہاکی ٹیم قائم کرنے کے فیصلے کو پاکستان میں محکمہ جاتی کھیلوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی سطح پر کھیلنے کے مزید مواقع میسر آنے کی توقع ہے، جبکہ پاکستان ہاکی کے مستقبل کو مستحکم بنانے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔