فرحان یوسف انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی قیادت کریں گے

لاہور (پی پی اے): پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت فرحان یوسف کریں گے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 5 سے 14 نومبر تک عمان میں کھیلا جائے گا، جس میں دفاعی چیمپئن پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ قومی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹرز عبدالقادر اور حمزہ ظہور، بیٹرز عثمان خان، ہیام خان، جہانگیر بلال اور حذیفہ احسن شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز میں احمد حسین اور حسنین عباس ڈار کو جگہ دی گئی ہے، جبکہ تیز بولنگ کے شعبے میں عبدالصبحان، محمد سیام، علی رضا اور رضوان اللہ قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ اسپن بولنگ کے لیے بائیں ہاتھ کے کلائی کے اسپنر محمد حذیفہ اور بائیں ہاتھ کے اسپنر نقاب شفیق اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ ایشیا کپ کے لیے منتخب 15 کھلاڑیوں میں سے صرف علی رضا اور حذیفہ احسن ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی یوتھ ون ڈے سیریز میں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ قومی ٹیم نے اس سیریز میں انگلینڈ کو 1-3 سے شکست دی تھی۔ پاکستان گزشتہ ایڈیشن میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے گزشتہ اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اب قومی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ عمان میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعزاز برقرار رکھے۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کرے گا، جبکہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 8 نومبر کو ہوگا۔ قومی ٹیم اپنا تیسرا گروپ میچ 10 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، متحدہ عرب امارات اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ملائیشیا شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 14 نومبر کو شیڈول ہے۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوں گے قومی اسکواڈ فرحان یوسف (کپتان) عبدالقادر (وکٹ کیپر) عبدالصبحان احمد حسین علی رضا حمزہ ظہور وکٹ کیپر حسنین عباس ڈار ہیام خان حذیفہ احسن جہانگیر بلال محمد حذیفہ محمد سیام نقاب شفیق رضوان اللہ اور عثمان خان. ٹیم مینجمنٹ و معاون اسٹاف: شاہد انور ہیڈ کوچ و ٹیم منیجر راؤ افتخار انجم فاسٹ بولنگ کوچ زوہیب خان اسپن بولنگ کوچ ہمایوں فرحت فیلڈنگ کوچ عبید اللہ فزیوتھراپسٹ ابرار احمد ٹرینر اور علی حمزہ پرفارمنس اینالسٹ.

Comments (0)
Add Comment