اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان فٹبال فیڈریشن پی ایف ایف نے ملک میں فٹبال کی منفرد شناخت قائم کرنے اور عالمی سطح پر مقام بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی بنیادی مہارتوں میں بہتری ڈومیسٹک فٹبال کے ڈھانچے کی مضبوطی اور گراس روٹ سطح سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش و تربیت کو اپنی اہم ترجیحات قرار دیا ہے
یہ عزم آذربائیجان میں منعقدہ فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں پاکستان کی تاریخی شرکت کے بعد ٹیم کی وطن واپسی پر اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ظاہر کیا گیا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی انڈر 15 ٹیم کے ہیڈ کوچ احسان اللہ خان نے کہا کہ عالمی ایونٹ میں شرکت کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی فٹبال کا تجربہ فراہم کرنا ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور مختلف فٹبال ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا تھا کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ نتائج کے دباؤ کے بجائے اپنے کھیل پر توجہ دیں اور فٹبال کے بنیادی اصولوں پر مہارت حاصل کریں انہوں نے کہا کہ دنیا کی کامیاب فٹبال ٹیمیں بنیادی مہارتوں میں غیر معمولی مہارت رکھتی ہیں اور پاکستان کو بھی اسی طرز پر اپنی تیاریوں کو آگے بڑھانا ہوگا مستقل مزاجی اور بہتر تربیت کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے احسان اللہ خان نے صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی اور فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا انہوں نے آذربائیجان میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پہنچنے والے والدین کی حمایت کو بھی سراہا ان کا کہنا تھا کہ صدر پی ایف ایف کی جانب سے ہر کھلاڑی کے لیے اضافی 25 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی حوصلہ افزائی کا اہم ذریعہ ہے ہیڈ کوچ نے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے حوالے سے بنیادی مہارتوں کے عملی مظاہرے اور دفاعی ٹرانزیشن کو اہم شعبے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پہلوؤں پر مزید کام کرنے کے لیے مسلسل تربیت اور زیادہ مسابقتی مقابلوں کی ضرورت ہے
پی ایف ایف کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر عدیل رزقی نے کہا کہ فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ میں شرکت سے پاکستان کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لینے اور دیگر ٹیموں کے ساتھ اپنے کھیل کا موازنہ کرنے کا موقع ملا اس مہم میں نتائج کے بجائے کھلاڑیوں کی ترقی اور مستقبل کی بہتری کے لیے کمزور پہلوؤں کی نشاندہی کو ترجیح دی گئی
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈومیسٹک فٹبال کے فروغ کے لیے موجودہ نظام کو ازسرنو منظم کرنے کی ضرورت ہے گراس روٹ سطح پر ایک مربوط ڈھانچہ تشکیل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کی بروقت شناخت معیاری تربیت اور آگے بڑھنے کے مواقع یقینی بنائے جا سکیں پی ایف ایف کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز عمید وسیم نے حکومتی تعاون کے حوالے سے بتایا کہ فٹبال کی تربیتی سرگرمیوں کے لیے سرکاری سہولیات دستیاب ہیں ڈومیسٹک انڈر 17 چیمپئن شپ کے دوران ٹیموں کو رہائش اور مقابلوں کے انعقاد کے لیے کھیلوں کے میدان بھی فراہم کیے گئےقومی انڈر 15 ٹیم کے کھلاڑی الہان خان نے کہا کہ عالمی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز اور خوشی کا باعث ہے ٹیم نے اردن جیسی مضبوط حریف کے خلاف بھی عمدہ کھیل پیش کیا، تاہم اہم مواقع سے فائدہ اٹھایا جاتا تو ٹورنامنٹ میں مزید بہتر پوزیشن حاصل کی جا سکتی تھی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی اویس نے بھی صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پوری مہم کے دوران ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کو سراہا پریس کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آذربائیجان میں حاصل ہونے والے تجربات کو مستقبل کی تیاریوں کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت ڈومیسٹک مقابلوں کے معیار میں بہتری اور گراس روٹ سطح پر فٹبال کے فروغ کے ذریعے پاکستان کو عالمی فٹبال میں ایک منفرد شناخت دلانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی