کراچی (پی پی اے) پاکستان نیوی اور پاکستان آرمی نے پہلی قومی بیچ والی بال چیمپئن شپ 2026ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین کے ایونٹس کے گولڈ میڈلز اپنے نام کر لیے کراچی کے منوڑہ بیچ پر 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری رہنے والی پانچ روزہ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ایونٹ کا انعقاد پاکستان نیوی نے پاکستان والی بال فیڈریشن کے اشتراک سے کیا جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں سرکاری شعبے کی تنظیموں اور ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی 27 ٹیموں نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے دوران مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے گئے چیمپئن شپ کے آخری روز مردوں اور خواتین کے فائنلز سمیت چار اہم مقابلے ہوئے خواتین کے برانز میڈل میچ میں نیوی بلیو نے واپڈا کو 2-0 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ گولڈ میڈل کے فائنل میں پاکستان آرمی نے پی او ایف کو 2-0 سے ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا خواتین کے ایونٹ میں پی او ایف نے سلور جبکہ نیوی بلیو نے برانز میڈل حاصل کیا مردوں کے برانز میڈل میچ میں واپڈا نے پولیس کو 2-0 سے شکست دی جبکہ فائنل میں نیوی بلیو نے نیوی وائٹ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 2-0 سے ہرا کر گولڈ میڈل جیت لیا اس طرح مردوں کے ایونٹ میں نیوی وائٹ نے سلور اور واپڈا نے برانز میڈل اپنے نام کیا پاکستان نیوی کی جانب سے دونوں کیٹیگریز میں میڈلز حاصل کرنے والی ٹیموں کے لیے نقد انعامات بھی دیے گئے گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیموں کو پانچ لاکھ روپے سلور میڈلسٹ کو تین لاکھ روپے جبکہ برانز میڈل حاصل کرنے والی ٹیموں کو دو لاکھ روپے فی ٹیم انعام دیا گیا چیمپئن شپ کے دوران نمایاں انفرادی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بہترین کھلاڑی کے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا مردوں کی کیٹیگری میں پاکستان نیوی کے ایم سی پی او مبشر رضا جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں پاکستان آرمی کی قرۃ العین بہترین کھلاڑی قرار پائیں اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد صحت مند سرگرمیوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ساحلی سیاحت کے فروغ اور پاکستان میں والی بال کے کھیل کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کھیلوں میں خواتین کی شرکت بڑھانے اور مرد و خواتین کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا
اس موقع پر پاکستان والی بال فیڈریشن نے پہلی قومی بیچ والی بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون پر پاکستان نیوی کا خصوصی شکریہ ادا کیا فیڈریشن نے پاکستان نیول اکیڈمی کے اسپورٹس آفیسر لیفٹیننٹ کمانڈر محمد ارسلان، اسسٹنٹ اسپورٹس آفیسر سب لیفٹیننٹ محمد ثاقب جاوید اور ایگزیکٹو آفیسر پی این ایس رہبر کمانڈر اسد عالم کی خدمات اور انتظامی کاوشوں کو بھی سراہا پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شاہ نعیم ظفر کے مطابق پہلی قومی بیچ والی بال چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد پاکستان میں اس کھیل کی ترقی کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے جس سے ملک بھر کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح پر مقابلے کا بہترین موقع ملا