بلائنڈ کرکٹ ٹی 20 ایشیا کپ، پاکستان نے بھارت کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے دی

قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مسلسل تیسری کامیابی، بھارت کا 180 رنز کا ہدف 9 وکٹوں پر حاصل کر لیا

ڈھاکہ (پی پی اے) بلائنڈ کرکٹ ٹی 20 ایشیا کپ 2026 کے اہم مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے بشوندھارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 کرکٹ میچ میں پاکستان نے آخری گیند پر 180 رنز کا ہدف حاصل کرکے شاندار کامیابی اپنے نام کی بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ بھارتی بلے باز ڈرگا راؤ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے پاکستان کی جانب سے بدر منیر اور بابر علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
جواب میں پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 180 رنز کا ہدف 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا مقابلہ آخری گیند تک جاری رہا اور پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی قومی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 126 رنز سے شکست دی تھی اس مقابلے میں پاکستان نے 6 وکٹوں پر 244 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم 118 رنز پر آؤٹ ہوگئی بدر منیر نے 43 گیندوں پر 88 اور طلحہ اقبال نے 33 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی پاکستان نے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے ساتویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا
بھارت کے خلاف تیسری کامیابی کے بعد پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 19 نومبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی جبکہ بلائنڈ کرکٹ ٹی 20 ایشیا کپ کا فائنل 20 نومبر کو ڈھاکہ میں شیڈول ہے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مسلسل تین کامیابیوں نے ٹائٹل جیتنے کی امیدیں روشن کر دی ہیں۔ قومی کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارت کے خلاف سنسنی خیز فتح حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں اور غیر معمولی عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا

Comments (0)
Add Comment