راولپنڈی (پی پی اے) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں نے میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے باعث دوسرے ٹیسٹ کو فیصلہ کن حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔ دونوں ٹیمیں سیریز میں برتری حاصل کرنے اور ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتری ہیں پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور آل راؤنڈر عامر جمال کو عرفات منہاس کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اذان اویس طیب عارف محمد طحہ سعود شکیل سلمان علی آغا، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر عامر جمال رضا اللہ محمد عباس اور ثاقب خان شامل ہیں پاکستان کے ایمرجنسی فیلڈرز میں عرفات منہاس، سمیر منہاس، محمد سلیمان، علی شبیر اور سعد بیگ شامل ہیں دوسری جانب سری لنکا نے بھی اپنی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے۔ دلشان مدوشنکا کی جگہ اسپنر پربھاتھ جے سوریا کو ٹیم میں واپس شامل کیا گیا ہے۔ سری لنکن ٹیم کی قیادت کوسل مینڈس کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لاہیرو ادارا، پسندو سوریا بندارا، دنیش چندیمل، کمنڈو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونل دنوشا، ملان رتنائیکے، پربھاتھ جے سوریا، لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو شامل ہیں۔
سری لنکا کے ریزرو کھلاڑیوں میں ایشان ملنگا، انجلا بندارا، کیسارا نوانتھا اور دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا ٹور پاکستان 2026 کے تحت دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ پہلے ٹیسٹ کے ڈرا ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ سیریز کا فیصلہ کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔