ایپوہ، ملائیشیا (پی پی اے) 32ویں سلطان اذلان شاہ کپ 2026 کے لیگ مرحلے کے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو 1-5 گول سے شکست دے دی اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن مستحکم کر لی۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے مقابلے میں گرین شرٹس نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے 18ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کیا، جس کے تین منٹ بعد 21ویں منٹ میں سفیان خان نے گول کر کے برتری کو دوگنا کر دیا۔ امریکا کی جانب سے چراسیکا سیکائی نے 31ویں منٹ میں ایک گول کر کے فرق کم کرنے کی کوشش کی، تاہم اگلے ہی منٹ یعنی 32ویں منٹ میں محمد عماد نے گول داغ کر پاکستان کو ایک بار پھر نمایاں برتری دلا دی۔ تیسرے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں 46ویں منٹ میں ابوبکر محمود نے چوتھا گول اسکور کیا، جبکہ 58ویں منٹ میں حنان شاہد نے پانچواں گول کر کے امریکا کے خلاف پاکستان کی 1-5 سے یکطرفہ فتح پر مہر ثبت کر دی۔