دوحہ (پی پی اے) ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اہم مقابلے میں پاکستان اے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دوحہ میں کھیلے گئے ڈے نائٹ میچ میں پاکستان اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے پاکستان اے کی جانب سے حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر 79 رنز اسکور کیے جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ معاذ صداقت نے 59 رنز بنائے جبکہ فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی شامیل حسین 33، عبدالصمد 28 اور محمد عمران 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت اے کی جانب سے ہرشیت رانا، پرنس یادو سوریانش شیڈگے اور وپرج نگم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی ٹیم 49.1 اوورز میں 265 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تلک ورما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 149 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ابھیشیک شرما نے 42 گیندوں پر 70 اور شہباز احمد نے 49 گیندوں پر 56 رنز بنائے، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے پاکستان اے کی جانب سے علی رضا اور حسن نواز نے تین، تین جبکہ محمد عمران نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ احمد دانیال اور سفیان مقیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اس طرح پاکستان اے نے عمدہ آل راؤنڈ کھیل کی بدولت مقابلہ 48 رنز سے اپنے نام کرلیا۔ حسن نواز بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں رہے۔