لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز ,ڈی جی ماحولیات کا بادامی باغ لاری اڈہ کا دورہ، متعدد دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں
لاہور (پی پی اے) ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب سید موسیٰ رضا نے بادامی باغ لاری اڈہ لاہور کا اچانک دورہ کیا اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور علی اعجاز اور سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران لاری اڈہ میں مسافر اور کمرشل گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر جانچ پڑتال کی گئی۔ مقررہ ماحولیاتی معیار سے زائد دھواں خارج کرنے والی متعدد گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جبکہ شدید دھواں چھوڑنے والی کئی گاڑیوں کو تحویل میں بھی لے لیا گیا۔ ڈی جی ماحولیات سید موسیٰ رضا نے ہدایت کی کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں فضائی آلودگی اور سموگ کا سبب بننے والی کسی بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر سموگ کے تدارک کے لیے پیشگی اقدامات مؤثر انداز میں جاری ہیں اور سموگ سیزن سے قبل گاڑیوں کی فٹنس اور اخراج کی جانچ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کی بروقت مرمت کرائیں اور ماحولیاتی معیار کے مطابق فٹنس یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے چالان، بندش اور تحویل کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای پی اے پنجاب اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کو صاف، صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جبکہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی