گورنر سندھ کا این جے وی اسکول کا دورہ، نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی کی طرف آنے کی تلقین
کراچی (پی پی اے): گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے این جے وی اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہیں تعلیمی و دیگر سہولیات سرگرمیوں اور ادارے کی تاریخ سے متعلق بریفنگ دی گئی انہوں نے کلاس رومز، لائبریری، کھیل کے میدان، آرٹس اینڈ کلچر اور سائنس لیب کا معائنہ کیا اور طلبہ کو فراہم سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ نے تاریخی ہال کا بھی دورہ کیا جہاں پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے اجلاس منعقد ہوئے تھے۔ انہوں نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور نئی نسل کو اس سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا
طلبہ و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی اور روشن مستقبل کے لیے اے آئی اور آئی ٹی کے شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت روزگار، قرضوں، لیپ ٹاپ اور دیگر سہولیات کے مواقع موجود ہیں، نوجوان ڈیجیٹل یوتھ ہب سے استفادہ کریں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنا اچھی بات ہے تاہم تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آکر ملک و قوم کی خدمت نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔ گورنر سندھ نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نوجوانوں سے وابستہ ہے۔