پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

ایف بی آر افسران قومی سول اعزازات کے لیے نامزد، چیئرمین کی مبارکباد

اسلام آباد ( پی پی اے) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ان افسران کو سراہا گیا جنہیں حکومت پاکستان نے پبلک سروس اور ادب کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں قومی سول اعزازات کے لیے نامزد کیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے نامزد افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے پبلک سروس کے لیے ان کے عزم، لگن اور قابلِ قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایف بی آر کی کارکردگی اور اصلاحات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور دیانتداری و لگن سے ذمہ داریاں ادا کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزازات محض انفرادی کامیابیوں کا اعتراف نہیں بلکہ ایف بی آر کے تمام افسران اور ملازمین کی اجتماعی کوششوں کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔ ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کے لیے تمام افسران کی مستقل محنت اور احساسِ ذمہ داری ناگزیر ہے۔ پبلک سروس کے شعبے میں قومی اعزازات کے لیے نامزد افسران میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، ممبر سٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق سرور، ممبر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر محمد اقبال، محمد تقی قریشی، ممبر کسٹمز آپریشنز سید شکیل شاہ، ممبر آئی آر آپریشنز زبیر بلال، منیر احمد چوہدری، اعجاز حسین، شیخ زاہد مسعود اور اظہر حسین مرچنٹ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں محمد مطیع الرحمٰن المعروف رحمان فارس کو ادب کے شعبے میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ تقریب کا مقصد افسران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات اور مخلصانہ عوامی خدمت کے عزم کی تجدید بھی تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.