پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سکاٹش فٹبال ایسوسی ایشن کا جیانی انفینٹینو کو ووٹ نہ دینے کا اعلان

لندن ( پی پی اے)۔سکاٹ لینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ایان میکسویل نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کو ووٹ نہیں دے گی، یہ فیصلہ یورپی فٹبال تنظیم کے مؤقف کے مطابق کیا گیا ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق ایان میکسویل نے فیفا میں شفافیت اور طرز حکمرانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکن فٹبال ایسوسی ایشنز کو فیصلوں میں زیادہ مؤثر کردار ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق فٹبال انتظامیہ کو کھیل کے بجائے غیر ضروری طور پر خبروں اور تنازعات کا مرکز نہیں بننا چاہیے۔ انگلینڈ، ویلز اور جمہوریہ آئرلینڈ سمیت متعدد یورپی فٹبال ایسوسی ایشنز پہلے ہی جیانی انفینٹینو کی حمایت سے دستبردار ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب تین کنفیڈریشن صدور نے نجی سرمایہ کاروں کو عالمی کپ سے متعلق کمپنی میں حصص فروخت کرنے کے منصوبے پر جیانی انفینٹینو پر ’’دھوکا دہی‘‘ کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ جیانی انفینٹینو کی ممکنہ چوتھی مدت صدارت پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔ فٹبال سے متعلق وکالتی تنظیم فیئر سکوائر نے فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ 2016 سے 2019 تک انفینٹینو کی پہلی مدت کو بھی صدارتی مدت کی حد میں شمار کیا جائے۔ تنظیم کے مطابق 2027 میں دوبارہ انتخاب کی صورت میں یہ ان کی چوتھی مدت ہوسکتی ہے۔ سابق فیفا گورننس کمیٹی کے سربراہ میگوئل مادورو نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ فیفا کے قوانین کا مقصد کسی ایک شخص کے لیے صدارت کی مجموعی مدت کو زیادہ سے زیادہ 12 سال تک محدود رکھنا تھا۔ فیئر سکوائر نے فیفا سے 2022 کے اس فیصلے کی بنیاد بننے والی متعلقہ کمیٹی کی سفارشات بھی منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.