وزیراعظم کا نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی پر خصوصی زور بلوچستان خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں انہوں نے کہا کہ پالیسی پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے، اس کے مؤثر نفاذ کیلئے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ نوجوانوں بالخصوص خواتین کو روزگار کے نئے مواقع سے جوڑنے کیلئے انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک کاروباری اور صنعتی طلب سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نیوٹک اور سمیڈا میں ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کیلئے مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور مطلوبہ زبانوں میں مہارت کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں وزیراعظم نے پالیسی کے تحت نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو اندرون و بیرون ملک روزگار کے مواقع کی تفصیلات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جا رہی ہیں اجلاس میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں جو نوجوانوں کو کیریئر کاؤنسلنگ روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے آگاہ کریں گے اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کی ہدایت پر کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی