پاکستان ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں ہے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے وزیراعظم گوگل کے مقامی دفتر کا قیام پاکستان میں روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا ولسن ایل وائٹ
اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔وہ منگل کو گوگل کے مقامی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ امریکی ناظم الامور نیٹلے بیکر گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی وزیراعظم نے گوگل کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوگل دنیا بھر میں معروف اور معتبر ادارہ ہے پاکستان میں اس کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں گوگل کے مقامی دفتر کا قیام وقت کی ضرورت تھا اور یہ پاکستان اور گوگل کے درمیان طویل المدت شراکت داری کے سفر کا آغاز ہے
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں جدید ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرکے ملک کی ترقی کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومتی اور سرکاری شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل جاری ہے اس موقع پر وزیراعظم نے گوگل کے مقامی دفتر کا افتتاح کیا گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنا اور یہاں کام کرنا گوگل کے لیے اعزاز ہے انہوں نے حکومت کے آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف کو گوگل کے وژن سے ہم آہنگ قرار دیا انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دس سال کے دوران گوگل نے پاکستان میں 3.9 ٹریلین روپے کی معاشی سرگرمی پیدا کی، جس سے 9 لاکھ 60 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ مقامی دفتر کے قیام سے پاکستان میں مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ولسن ایل وائٹ نے پاکستان کے ساتھ طویل المدت شراکت داری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے انہوں نے وزیراعظم کو گوگل کے اہداف اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا